سنت ابراہیمی کا دن قریب آ رہاہے جو ہمارے اخلاص و ایثار کا امتحان ہے۔ یہ دن عید الضحیٰ کہلاتا ہے جو حضرت ابرہیم خلیل اللہ کی جانب سے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتی ہے۔قربانی کا تصور ہر آسمانی مذہب میں پایا جاتا ہے۔ جذبہ ایثار کا یہ ایک بہترین محرک ہے۔ اس کی ابتدا قابیل کے واقعہ سے ہوتی ہے، لیکن جس کی یاد گار کو ہم مناتے ہیں اس کا اجرا حضرت ابراہیم علیہ السلام سے ہوتا ہے۔ آنحضرت ﷺ سے صحابہ رضی اللہ عنہم نے دریافت کیا تھا کہ یہ قربانی کیا ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ یہ تمھارے باپ ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے۔ صحابہ نے عرض کی! ہمیں اس میں کیا ملے گا۔ فرمایا جانور کے ہر بال کے عوض ایک نیکی ۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے مروی ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا قربانی کے دن اﷲ کے ہاں خون بہانے سے کوئی عمل زیادہ محبوب نہیں۔ قربانی کے جانور کے سینگ ‘ بال کھر قیامت کے روز سب اجر وثواب بن جائیں گے۔ قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے ہی اﷲ تعالیٰ کے ہاں بلند درجہ پا لیتا ہے۔ لہذا ایسی قربانیوں سے اپنے دل خوش کرو۔
قربانی کا گوشت تقسیم بھی کیا جا سکتا ہے اور حسب ضرورت رکھا بھی جا سکتا ہے۔ کوئی پابندی نہیں۔ شریعت کی رو سے قربانی کے گوشت کے تین حصے کیے جاتے ہیں۔ایک حصہ اپنے لیے، دوسرا رشتہ داروں اور تیسرا حصہ مساکین کیلئے مختص کیا جاتا ہے۔ اسی قربانی کی یہ حکمت وبرکت ہے کہ غریب سے غریب شخص بھی ان دنوں گوشت سے محروم نہیں رہتے۔
قربانی کا گوشت تقسیم ہو یا نہ ہو استعمال میں آئے یا نہ آئے اس سے قربانی کی اہمیت کسی صورت بھی کم نہیں ہوتی ۔قرآن کریم میں ایک جگہ فرمایا گیا ہے کہ’’اللہ تعالیٰ کو قربانیوں کے گوشت اور خون نہیں پہنچتے بلکہ تمہارا تقوی پہنچتا ہے-" (سورۃ الحج آیت نمبر 37)
آخر میں قربانی کی استطاعت رکھنے کے باوجود قربانی نہ کرنے والوں کے بارے میں رسول اکرم ﷺ کا ایک ارشاد مبارک بھی پڑھ لیجئے- ارشاد نبوی ﷺ ہے:
’’جو شخص قربانی کی استطاعت رکھتا ہو پھر بھی قربانی نہ کرے وہ (نماز عید کے لئے) ہماری عید گاہ کے قریب بھی نہ آئے"۔ (مسند احمد)
قربانی کی فضیلت کے بارے میں متعدد احادیث ہیں، اس لئے اس عبادت کو ہرگز ترک نہ کریں جو اسلام کے شعائر میں سے ہے اور اس سلسلہ میں جن شرائط و آداب کا ملحوظ رکھنا ضروری ہے، انہیں اپنے سامنے رکھیں اور قربانی کا جانور خوب دیکھ بھال کر خریدیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
اپنا تبصرہ تحریر کریں
توجہ فرمائیں :- غیر متعلقہ,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے,چائلڈاسٹارایڈیٹوریل بورڈ ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز چائلڈاسٹار کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔